برلن،16؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جرمن چانسلر انگیلا میرکل ترکی میں قید اپنے شہریوں کی رہائی کے تناظر میں ترکی پر اقتصادی دباؤ بڑھانا چاہتی ہیں۔ ایک جرمن اخبار پساؤر نوئے پریسے میں شائع ہونے والے اْن کے بیان کے مطابق برلن حکومت ترکی کے ساتھ اقتصادی تعاون میں کمی لانے کا ارادہ رکھتی ہے اور پہلے سے جاری مختلف معاشی منصوبوں پر نظرثانی بھی کرنا چاہتی ہے۔ انگیلا میرکل نے ترک جیلوں میں کئی جرمن شہریوں کو مقید رکھنے کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان تمام قیدیوں کو ترکی میں قائم جرمن سفارت خانے کی جانب سے قونصلر سطح کی معاونت بھی دی گئی ہے۔ میرکل نے افسوس کے ساتھ کہا کہ بدقسمتی سے ترکی کئی معاملات میں مشکلات پیدا کیے ہوئے ہے۔